وزیرِ اعلیٰ گلگت بلتستان امجد حسین کی زیرِ صدارت اپیکس کمیٹی کا اہم اجلاس

وزیرِ اعلیٰ گلگت بلتستان امجد حسین کی زیرِ صدارت اپیکس کمیٹی کا ایک اہم اجلاس اپیکس کمیٹی روم جوٹیال گلگت میں منعقد ہوا جس میں کمانڈر FCNA، وزیرِ داخلہ، چیف سیکرٹری، آئی جی پولیس، تمام محکموں کے سیکریٹریز اور سول و عسکری اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔اجلاس میں گلگت بلتستان کی مجموعی سیکیورٹی صورتحال اور انتظامی اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور تمام اداروں کو ہدایت کی گئی کہ باہمی ہم آہنگی کے ساتھ مؤثر اقدامات کو یقینی بنایا جائے۔اجلاس میں گلگت بلتستان کی تمام ترقیاتی سکیموں پر بھی غور کیا گیا اور تمام سیکریٹریز نے اپنے محکموں کے منصوبوں کے حوالے سے بریفنگ دی جبکہ دیامر بھاشاہ ڈیم سمیت دیگر بڑے منصوبوں کی سیکیورٹی کو یقینی بنانے پر خصوصی زور دیا گیا۔وزیرِ اعلیٰ نے سردیوں میں بجلی کی کمی کے پیشِ نظر جاری منصوبوں کو تیز کرنے اور مقررہ وقت میں مکمل کرنے کی ہدایت کی تاکہ عوام کو سردی کے موسم میں بجلی کی فراہمی کا مسئلہ درپیش نہ ہو۔اجلاس میں تمام شاہراہوں کی پختگی اور رابطہ سڑکوں کی بہتری کے حوالے سے بھی اقدامات کا جائزہ لیا گیا اور پاک فوج کے فلاحی اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا گیا کہ عوامی خدمت کا یہ سلسلہ مستقبل میں بھی جاری رکھا جائے گا۔

جواب دیں

Back to top button