وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر صوبے بھر کے شہری علاقوں میں صفائی فیس کولیکشن کیلئے نیا میکنزم متعارف کروا دیا گیا۔ستھرا پنجاب اتھارٹی اور ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ڈیپارٹمنٹ کے مابین باقاعدہ سروس لیول ایگریمنٹ سائن کر لیا گیا۔ڈی جی ستھرا پنجاب عمر جاوید، ڈی جی ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن عمر شیر چٹھہ نے سروس لیول ایگریمنٹ پر دستخط کئے۔
ستھرا پنجاب کے ایڈیشنل ڈی جی رضوان الحق اور ایکسائز ڈیپارٹمنٹ کے ایڈیشنل ڈی جی احمد سعید سمیت دیگر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔معاہدے کے متن کے مطابق سال 2026-2027 کیلئے ایکسائز ڈیپارٹمنٹ پراپرٹی ٹیکس کے ساتھ ساتھ صفائی فیس کی وصولی بھی یقینی بنائے گا۔گھر گھر سروے، صفائی بلوں کی پرنٹنگ، بلوں کے متعلق شکایات و درستگی کی ذمہ داری بھی ایکسائز ڈیپارٹمنٹ کی ہو گی۔پنجاب بھر کے شہری علاقوں میں یکساں صفائی فیس کا نفاذ یقینی بنایا جائے گا۔رہائشی علاقوں میں 5 مرلہ گھروں سے 300 روپے، 5 سے 10 مرلہ تک 500 روپے ماہانہ صفائی فیس وصول کی جائے گی۔10 سے 20 مرلہ گھروں سے 1000 روپے، جبکہ 20 مرلہ سے 40 مرلہ گھروں سے 2000 روپے ماہانہ صفائی فیس وصول کی جائے گی۔40 مرلہ سے بڑے گھروں میں صفائی فیس 5000 روپے ماہانہ وصول کی جائے گی۔چھوٹے کمرشل یونٹس سے 500 روپے، درمیانے درجہ کے کمرشل یونٹس سے 1000 روپے، جبکہ بڑے کمرشل یونٹس سے 3000 روپے ماہانہ صفائی فیس وصول کی جائے گی۔ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ڈیپارٹمنٹ صفائی فیس اکٹھی کرنے کے بدلے 1 فیصد سروس چارجز وصول کرے گا۔مزید برآں ایکسائز ڈیپارٹمنٹ کے ذریعے صفائی فیس کی وصولی کا فیصلہ اگست کے مہینے میں 36ویں صوبائی کیبنٹ کمیٹی کی میٹنگ میں کیا گیا۔






