وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان امجد حسین نے محکمہ برقیات کی جانب سے 16 میگاواٹ نلتر پاور پروجیکٹ اور مختلف سولر توانائی کے منصوبوں کے حوالے سے دی جانے والی بریفنگ کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سردیوں کے موسم میں گلگت اور سکردو میں بجلی کے بحران میں شدید اضافہ متوقع ہے۔ اس صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے محکمہ برقیات بروقت ہنگامی اقدامات کا آغاز کرے تاکہ عوام کو موسم سرما میں لوڈشیڈنگ سے ممکنہ ریلیف فراہم کیا جا سکے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ 16 میگاواٹ نلتر پاور پروجیکٹ جلد سسٹم کا حصہ بن جائے گا جس سے گلگت شہر میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کے دورانیے کو کم کرنے میں مدد ملے گی۔ وزیر اعلیٰ نے صوبائی سیکریٹری برقیات کو ہدایت کی کہ سکردو میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ کم کرنے کے لیے وزیر اعظم کی جانب سے فراہم کردہ 8 میگاواٹ کی سولر پلیٹس کی فوری تنصیب اور انورٹرز کی فراہمی کے لیے صوبائی کابینہ کے اگلے اجلاس میں باضابطہ سفارشات پیش کی جائیں، جبکہ سکردو کیلئے 6 میگاواٹ کے روف ٹاپ پروجیکٹ پر بھی ترجیحی بنیادوں پر کام کو آگے بڑھایا جائے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے شارٹ ٹرم پالیسی کے تحت اعلان کردہ 100 میگاواٹ سولر پاور پروجیکٹ کے جن کمپوننٹس کے ٹینڈر مکمل ہو چکے ہیں، وفاقی حکومت کی جانب سے ان پر کام صوبائی حکومت کے ذریعے مکمل کرنے کی یقین دہانی کرا دی گئی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اسی منصوبے کے تحت باقی ماندہ 80 میگاواٹ کے سولر منصوبے پر وفاق کے بجائے صوبائی حکومت کے ذریعے عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے وہ جلد وزیر اعظم پاکستان سے رابطہ کریں گے تاکہ اس منصوبے کو جلد از جلد مکمل کر کے عوام کو بجلی کا فوری ریلیف پہنچایا جا سکے۔ وزیر اعلیٰ نے محکمہ برقیات اور محکمہ مواصلات و تعمیرات عامہ کو ہدایت کی ہے کہ تھک پاور پروجیکٹ، غواڑی پاور پروجیکٹ اور جگلوٹ سکردو روڈ کے انتہائی اہم و حساس مقامات پر آر سی سی شیڈز کی تعمیر کے لیے ضروری کاغذی کارروائی فوراً شروع کریں تاکہ وفاقی پی ایس ڈی پی (PSDP) سے ان اہم منصوبوں کی بروقت منظوری حاصل کی جا سکے۔ گلگت شہر میں درپیش توانائی کے بحران کو مستقل بنیادوں پر حل کرنے کیلئے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت 20 میگاواٹ ہنزل پاور پروجیکٹ کی تعمیر کرنے پر بھی غور کیا جائے گا۔
Read Next
4 دن ago
وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان امجد حسین اور چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل (ر) محمد سعید کے مابین اہم ملاقات
5 دن ago
"یورپی یونین موسمیاتی چیلنجز سے متاثرہ کمیونیٹیز کی معاشی خودکفالت اور زراعت کی جدت کے لئے پرعزم ہے،یوریپن یونین کے سفیر رائمنڈاس کاروبلیس
6 دن ago
ڈی جی گلگت ڈویلپمنٹ اتھارٹی کا مختلف سڑکوں کا دورہ،ترقیاتی کام مقررہ مدت میں مکمل کرنے کی ہدایت
6 دن ago
گلگت بلتستان، غیرقانونی بقایاجات کی روک تھام کیلئے آن لائن آربٹ سسٹم کا افتتاح
6 دن ago






