پنجاب 4488 بھٹوں کامعائنہ،170 سربمہر 705 کو نوٹس جاری ،صرف زگ زیگ ٹیکنالوجی والے بھٹوں کو کام کرنے کی اجازت ہوگی مریم اورنگزیب

محکمہ تحفظ ماحول نے آلودگی کا باعث بننے والے اینٹوں کے بھٹوں کے خلاف مہم کے دوران مختلف اضلاع میں گزشتہ 15 دنوں میں 4488 بھٹوں کے معائنے کئے ہیں – اس دوران ماحولیاتی قوانین کی خلاف ورزیوں پر 170 بھٹے سیل کئے گئے، 705 بھٹوں کو محکمانہ نوٹسز جاری کئے گئے اور ماحولیاتی قوانین کی خلاف ورزی کے مرتکب بھٹہ مالکان پر دو کروڑ 13 لاکھ روپے کا جرمانہ عائد کیا گیا- اسی طرح 169 بھٹہ جات کے خلاف ایف آئی آر کے اندراج کے لیے محکمہ پولیس سے رجوع کیا گیا-

یہ بات سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے جاری ایک بیان میں بتائی-انہوں نے کہا کہ بھٹہ مالکان کو زگ زیگ ٹیکنالوجی اپنانے کے لئے ڈیڈ لائن دی گئی تھی- وزیر اعلی پنجاب کی ہدایت پر صرف زگ زیگ ٹیکنالوجی والے بھٹوں کو کام کرنے کی اجازت ہوگی -شہریوں کو آلودگی سے بچانے کی ہر ممکن کوشش کی جائے گی اور سموگ رولز 2023 کی خلاف ورزی سخت تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

سینئر وزیر نے کہا کہ ماحولیاتی قوانین کی خلاف ورزیوں کے خلاف صوبہ پنجاب میں گرینڈ آپریشن کا آغازکر دیا گیا ہے-اگلے مرحلے میں صنعتوں میں دھوئیں اور زہریلے مواد کے اخراج کے معائنے کا عمل شروع کردیا جائے گا-انہوں نے کہا کہ روایتی بھٹے سموگ، پھیپھڑوں اور سانس کی بیماریاں پیدا کرنے کا سبب بن رہے تھے – اس حوالے سے صنعتی شعبے کو چاہیے کہ وہ صاف ماحول کے لئے جدید آلات کو استعمال کریں تاکہ درخت،پرندے اور انسان صاف فضا میں سانس لے سکیں –

جواب دیں

Back to top button