انسینیریشن پلانٹ کی بحالی، جدید سائیکلون ٹیکنالوجی سے طبی و صنعتی فضلہ محفوظ تلف، آلودگی میں نمایاں کمی ہوگی،میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب

کراچی( بلدیات ٹائمز ) میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے ضلع کیماڑی ٹرانس لیاری میوہ شاہ میں بلدیہ عظمیٰ کراچی کے انسینیریشن پلانٹ کی مرمت اور بحالی کے منصوبے کا افتتاح کردیا،اس موقع پر کے ایم سی کونسل میں ڈپٹی پارلیمانی لیڈر دل محمد، جمن دروان، یوسی چیئرمین علی رضا رند، منتخب نمائندے اور دیگر بھی موجود تھے،میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میوہ شاہ کا علاقہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے کیونکہ یہاں صنعتیں، ٹریٹمنٹ پلانٹ اور کثیر آبادی موجود ہے جبکہ تاریخی قبرستان بھی اسی علاقے میں واقع ہے،اس حساس مقام پر انسینیریشن پلانٹ کی بحالی ایک بڑا اور دیرپا اقدام ہے جس کے مثبت اثرات آئندہ نسلوں تک پہنچیں گے،انہوں نے کہا کہ ماضی میں صنعتی فضلہ اور میڈیکل ویسٹ نالوں میں پھینکے جانے کی شکایات موصول ہوتی رہی ہیں حتیٰ کہ شہریوں کو ساحل سمندر پر استعمال شدہ انجیکشن اور خون کے بیگز ملنے کی اطلاعات بھی سامنے آئیں، ان کا کہنا تھا کہ ایسے خطرناک فضلے کا غیر ذمہ دارانہ اخراج نہ صرف ماحول بلکہ انسانی صحت کے لیے بھی سنگین خطرہ تھا لہٰذا کے ایم سی نے 2025 میں انسینیریشن پلانٹ کی بحالی کا فیصلہ کیا اور دس ماہ کی مدت میں جدید سائیکلون ٹیکنالوجی کے ذریعے اسے فعال بنا دیا گیا، دس ٹن یومیہ صلاحیت کے حامل اس پلانٹ کے ذریعے طبی اور صنعتی فضلے کو محفوظ انداز میں تلف کیا جا سکے گا،

شہر میں روزانہ تقریباً پچاس ٹن انڈسٹریل اور میڈیکل ویسٹ پیدا ہوتا ہے جس کے مؤثر حل کے لیے یہ اقدام ناگزیر تھا،انہوں نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ انسینیریشن پلانٹ کی بحالی سے شہر میں طبی فضلہ محفوظ طریقے سے تلف ہوگا اور شہریوں کو صاف و محفوظ ماحول کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی،میئر کراچی نے کہا کہ کے ایم سی نے 1995 میں کنسومیٹ امریکہ سے دو ہائی کیپیسٹی انسینیریٹرز خریدے تھے جو 1998 میں سائٹ ایریا میوہ شاہ پر نصب اور فعال کیے گئے، انہوں نے کہا کہ انسینیریشن پلانٹ کو جدید سائیکلون ٹیکنالوجی پر منتقل کر دیا گیا ہے جس سے دھوئیں اور ماحولیاتی آلودگی میں نمایاں کمی آئے گی،جدید کاربن مونو آکسائیڈ ڈائلیوشن سسٹم کے ذریعے مضر گیسوں کے اخراج کو کم سے کم سطح پر رکھا جائے گا اور محفوظ انداز میں اخراج یقینی بنایا جائے گا،انہوں نے کہا کہ تمام اسپتالوں اور متعلقہ صنعتوں کو پابند بنایا جائے گا کہ وہ خطرناک طبی فضلہ مقررہ طریقہ کار کے مطابق تلف کریں، غیر قانونی ری سائیکلنگ اور طبی فضلے کی فروخت میں ملوث عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی جبکہ عملہ عالمی سیفٹی اسٹینڈرڈ کے تحت اپنی ذمہ داریاں انجام دے گا،میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ جن صنعتوں اور اسپتالوں کے پاس فضلہ تلف کرنے کی سہولت موجود نہیں وہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کے ساتھ رابطہ کریں، کے ایم سی کی گاڑیاں ویسٹ مٹیریل اٹھانے کے لیے ان کے پاس جائیں گی، انہوں نے کہا کہ میڈیکل اور انڈسٹریل ویسٹ کو محفوظ طریقے سے تلف کرنے کی سرکاری سہولیات فراہم کر دی گئی ہیں، اب تمام ادارے انتظامیہ کا ساتھ دیں کیونکہ ماحول، ہوا اور پانی سب کے لیے مشترکہ ہیں اور ان کا تحفظ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے،میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ جو اسپتال یا فیکٹری طبی اور صنعتی فضلہ مقررہ طریقہ کار کے مطابق تلف نہیں کرے گی اس کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی، انہوں نے کہا کہ سمندر کو ماحول دوست بنانے کے لیے ٹی پی ون کو فعال کیا جا رہا ہے اور پہلے مرحلے میں بیس ایم جی ڈی کے پائلٹ پروجیکٹ پر عملدرآمد شروع ہو چکا ہے، پانی کو صنعتی استعمال میں لانے کا عمل بھی شروع کر دیا گیا ہے جبکہ آئندہ چند روز میں ہارون آباد میں ٹی پی ون کا باقاعدہ افتتاح کیا جائے گا،انہوں نے کہا کہ شہر میں ماحول دوست اقدامات کے ساتھ بلاتفریق ترقیاتی کام جاری ہیں، انہوں نے کہا کہ کراچی میں کے ایم سی عملی طور پر کام کر رہی ہے اور نتائج سامنے آ رہے ہیں، کیٹل کالونی میں فلائی اوور تعمیر کیا گیا جبکہ عظیم پورہ فلائی اوور پر بھی کام جاری ہے جسے کے ایم سی مکمل کرے گی،انہوں نے کہا کہ میوہ شاہ قبرستان کی صورتحال ماضی میں نہایت خراب تھی مگر اب نمایاں بہتری آ رہی ہے، شہر کی بہتری کے لیے اسی طرح کام کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا، انہوں نے کہاکہ ہماری مدت کا ڈیڑھ سال ابھی باقی ہے اور ہم شہر چھوڑ کر جانے کے لیے نہیں آئے بلکہ خدمت کے لیے آئے ہیں، منعم ظفر کی جماعت کے پاس 9 ٹاؤن ہیں ان کا حال دیکھیں جماعت اسلامی کے ٹاؤن چیئرمین کچھ نہیں کررہے، انہوں نے کہا کہ بعض عناصر بلاوجہ تنقید کررہے ہیں حالانکہ مختلف ٹاؤنز کی کارکردگی سب کے سامنے ہے، عائشہ منزل چورنگی کی خوبصورتی اور دیگر ترقیاتی کام ہم نے انجام دیئے ہیں لیکن پوسٹر نعیم الرحمان کا لگا ہوا ہے، اگر کوئی رکاوٹیں بھی کھڑی کرے تو ہم کام جاری رکھیں گے کیونکہ مقصد صرف کراچی کی ترقی اور عوام کی خدمت ہے۔

جواب دیں

Back to top button