گلگت بلتستان میں جنرل الیکشن 2026 کے صاف،شفاف، منصفانہ اور پرامن انعقاد کے حوالے سے چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان راجہ شہباز خان، چیف سیکریٹری گلگت بلتستان ارشد مجید مہمند اور انسپکٹر جنرل پولیس گلگت بلتستان ڈاکٹر ناصر اکبر خان کے درمیان ایک اہم بیٹھک ہوئی،جس میں آمدہ جنرل الیکشن کے انتظامات، سیکیورٹی پلان، پولنگ اسٹیشنز پر سہولیات کی فراہمی، انتخابی عملے کی تربیت اور حساس پولنگ اسٹیشنز کی نشاندہی سمیت دیگر اہم امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔چیف الیکشن کمشنر نے اس موقع پر کہا کہ انتخابات کے انعقاد میں مکمل شفافیت، غیر جانبداری اور قانون کی بالادستی کو یقینی بنایا جائے اور تمام ادارے باہمی تعاون اور مربوط حکمت عملی کے تحت اپنے فرائض سرانجام دیں۔اس موقع پر چیف سیکریٹری گلگت بلتستان نے یقین دہانی کرائی کہ ضلعی انتظامیہ انتخابی عمل کے دوران ہر ممکن سہولت فراہم کرے گی اور تمام انتظامی امور بروقت مکمل کیے جائیں گے۔
ملاقات میں انسپکٹر جنرل پولیس ڈاکٹر ناصر اکبر خان نے اجلاس کو سیکیورٹی اقدامات کے حوالے سے بتایا کہ اس حوالے سے سیکیورٹی پلان ترتیب دیا جا رہا ہے تاکہ ووٹرز، انتخابی عملے اور امیدواروں کو مکمل تحفظ فراہم کیا جا سکے۔ملاقات میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ ضابطہ اخلاق کی سختی سے پابندی کو یقینی بنایا جائے اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے۔اس موقع پر اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ گلگت بلتستان میں جنرل الیکشن 2026 کو آزادانہ، منصفانہ،صاف و شفاف اور پرامن ماحول میں منعقد کرایا جائے گا اور عوام کو اپنی رائے دہی کے حق کے استعمال کے لیے مکمل سہولت فراہم کی جائے گی۔






