صوبائی پروگرام کے تحت پریس کلب ممبران کو الیکٹرک سکوٹی اقساط پر دینے کا اعلان کیا صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ پنجاب بلال اکبر خان نے لاہور پریس کلب کے پروگرام ©” گیسٹ آف آنر” میں شرکت کی۔ لاہور پریس کلب آمد پر صدر پریس کلب ارشد انصاری، جوائنٹ سیکرٹری عمران شیخ، فنانس سیکرٹری سالک نواز ، ممبر گورننگ باڈی الفت مغل نے معزز مہمان کا پریس کلب میں استقبال کیا۔
اس موقع پر صدر ارشد انصاری نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ویژن کے مطابق پنجاب بھر میں پبلک ٹرانسپورٹ کے منصوبے متعارف کرائے جا رہے ہیں ، وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر خان پنجاب میں عوامی ٹراسپورٹ کے مسائل کے حل اور عوام کو سہولیات پہنچانے کیلئے انتھک محنت کر رہے ہیں۔ وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر خان نے کہا کہ پنجاب میں پبلک ٹرانسپو رٹ کا سسٹم بدلا جا رہا ہے، پانچ سو الیکٹرک بسیں صوبے کے مختلف شہروں میں چل رہی ہیں، چھ سو الیکٹرک بسیں اگلے سال مئی تک مزید آ جائیں گی جبکہ پندرہ سو الیکٹرک بسیں مزید سسٹم میں اگلے سال کے بجٹ میں بڑھا دی جائیں گی،انہوں نے بتایا کہ گوجرانوالہ میٹرو دسمبر تک مکمل کر لیں گے جبکہ فیصل اباد میٹرو بس سروس اگلے سال تک مکمل ہو جائے گی، انہوں نے مزید کہا کہ لاہور میں چار ٹرامز چلائی جائیں گی جن کے روٹ طے ہو گئے ہیں، مری میں گلاس ٹرین کا منصوبہ جلد شروع ہونے جا رہا ہے، ٹرانسپورٹرز کو روٹ پرمٹ کا اجراءکمپیوٹرائزڈ کر دیا گیا ہے، ٹرانسپورٹرز کا دن میں ایک ہی چالان ہوا کرے گا جس کیلئے سسٹم تشکیل دے دیا گیا ہے، انہوں نے مزید کہا کہ ہم ریلوے کے ساتھ ملکر چار پرانے روٹس بھی بحال کریں گے جبکہ لاہور اور پنڈی کے درمیان ہائی سپیڈ ریل کی فیزیبلٹی پر کام کر رہے ہیں،پنجاب ٹرانسپورٹ کمپنی کے تحت جنگ کی وجہ سے پبلک ٹرانسپورٹ فری ہے جس میں روزانہ کی بنیاد پر چودہ لاکھ افراد پبلک ٹرانسپورٹ کا مفت سفر کر رہے ہیں اورہماری کوشش ہے کہ روزانہ چالیس لاکھ سے پچاس لاکھ تک مسافر پبلک ٹرانسپورٹ کا استعمال کریں، انہوں نے بتایا کہ فری ٹرانسپورٹ کے استعمال کے لئے آئی ڈی کارڈ دکھانے کی شرط ختم کر دی گئی ہے، فری سروس کی وجہ سے پبلک ٹرانسپورٹ پر رش بہت بڑھ گیا ہے، انہوں نے مزید کہا کہ اوورلوڈنگ کو روکنے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لا رہے ہیں، ہم لوڈ مینجمنٹ کے لئے کافی کام کر رہے ہیں، پنجاب میں پانچ ہزار ڈمپر رجسٹرڈ ہیں ہم ان ڈمپرز کی باڈی ریگیولیٹ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، انہوں نے پنجاب حکومت کے پروگرام کے تحت لاہور پریس کلب ممبران کو آسان اقساط پر الیکٹرک سکوٹیز دینے کا علان بھی کیا ۔
تقریب کے اختتام پر صدر ارشد انصاری نے معزز مہمان کی کلب آمد پر انکا شکریہ ادا کیا اور انہیں کلب کی جانب سے یادگاری شیلڈ بھی پیش کی ۔