یکم جون تک تمام بازار اور مارکیٹیں اوقات کار کی پابندی کے بغیر کھلی رہ سکیں گی،ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن ر محمد علی اعجاز

ضلعی انتظامیہ لاہور نے تاجر برادری اور شہریوں کے لیے ایک بڑے ریلیف پیکج کا اعلان کرتے ہوئے شہر کی تمام مارکیٹوں اور تجارتی مراکز کے کاروباری اوقات میں یکم جون تک خصوصی نرمی کر دی ہے تاکہ صوبائی دارالحکومت میں تجارتی پہیہ مزید تیزی سے گھوم سکے اور شہریوں کو خریداری کے لیے پرسکون ماحول میسر آ سکے۔ اسی سلسلے میں ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز نے آج سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (X) پر اپنے ایک خصوصی پیغام کے ذریعے اس اہم فیصلے کا باقاعدہ اعلان کیا جس کا مقصد تاجر برادری کے دیرینہ مطالبات کو پورا کرنا ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ اس فیصلے کے تحت اب یکم جون تک تمام بازار اور مارکیٹیں اوقات کار کی پابندی کے بغیر کھلی رہ سکیں گی جس سے نہ صرف دکانداروں کے کاروبار میں اضافہ ہوگا بلکہ گرمی کے موسم میں شہریوں کو بھی شام اور رات کے اوقات میں سہولت کے ساتھ خریداری کرنے کا موقع ملے گا۔ انتظامی حکمت عملی کے تحت ڈپٹی کمشنر لاہور نے تمام اسسٹنٹ کمشنرز اور متعلقہ انتظامی افسران کو سختی سے ہدایت جاری کی ہے کہ اس فیصلے پر فوری اور موثر عملدرآمد کو ہر صورت یقینی بنایا جائے اور فیلڈ میں موجود ٹیمیں تاجروں کو ہر ممکن تعاون فراہم کریں تاکہ کسی بھی قسم کے ابہام کی گنجائش باقی نہ رہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مارکیٹوں کے اوقات میں اس توسیع سے بازاروں میں رش کا دباؤ کم ہوگا اور ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے میں بھی مدد ملے گی ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز نے اپنے پیغام میں تاجر تنظیموں کو بھی باور کرایا کہ وہ نئے اوقات کار کے ثمرات عام آدمی تک پہنچانے میں انتظامیہ کا ساتھ دیں اور بازاروں میں نظم و ضبط برقرار رکھیں کیونکہ ایک منظم تجارتی ماحول ہی پائیدار ترقی کی ضمانت ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ضلعی انتظامیہ لاہور شہریوں کی زندگیوں میں آسانیاں پیدا کرنے کے لیے تمام تر تیکنیکی اور انتظامی وسائل بروئے کار لاتی رہے گی ۔ ڈی سی لاہور نے واضح کیا کہ حکومتی وژن کے مطابق ہر وہ قدم اٹھایا جائے گا جس سے عام آدمی کا معیارِ زندگی بلند ہو اور کاروبار کرنے والوں کو ایک محفوظ اور سازگار ماحول میسر آ سکے کیونکہ لاہور کی ترقی میں ہی پنجاب کی ترقی کا راز پنہاں ہے۔

جواب دیں

Back to top button