عیدالاضحیٰ پر لاہور میں کیٹل سیل پوائنٹس پر انتظامات اور صفائی پلان کا جائزہ

وزیر بلدیات پنجاب ذیشان رفیق کی زیر صدارت ایم سی ایل ٹاؤن ہال میں ایک اجلاس کے دوران عیدالاضحیٰ کے موقع پر لاہور میں کیٹل سیل پوائنٹس پر انتظامات اور صفائی پلان کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں وزیراعلیٰ کے مشیر ذیشان ملک، ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن ر علی اعجاز، تمام اسسٹنٹ کمشنرز اور ایم ڈی سُتھرا پنجاب ایجنسی بھی موجود تھے۔

وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے لاہور میں عید سے پہلے خصوصی صفائی مہم کے آغاز پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے صفائی آپریشنز کو گلی محلوں میں قربانی کے جانوروں کی آمد کے مطابق ڈھالنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ اسسٹنٹ کمشنرز اپنی حدود میں واقع سیل پوائنٹس کا باقاعدگی سے دورہ کریں۔ سیل پوائنٹس پر پانی، چارے اور پارکنگ کی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ سیل پوائنٹس پر سکیورٹی کا بھی خاص خیال رکھنا ہوگا۔ وزیر بلدیات نے کہا کہ گائیڈلائنز پر عملدرآمد کے لئے ایم سی ایل اور سُتھرا پنجاب ایجنسی کا متعلقہ عملہ مل کر کام کریں گے۔انہوں نے ہدایت کی کہ بیوپاریوں کو سیل پوائنٹس سے باہر ہرگز قربانی کے جانوروں کی خریدوفروخت نہ کرنے دی جائے۔ وزیر بلدیات نے زور دیا کہ ڈپٹی کمشنر لاہور نے جو مقامات نوٹیفائی کئے عارضی مویشی منڈیاں صرف وہیں لگیں گی۔نجی سیل پوائنٹس کی گزشتہ سال کی طرح اب بھی کوئی اجازت نہیں۔ انہوں نے کہا کہ عید کے تینوں ایام میں لاہور کے اہم مقامات پر سہولت کیمپ لگائے جائیں گے۔ ایم سی ایل اور سُتھرا پنجاب کا عملہ کیمپوں میں موجود رہے گا۔ ذیشان رفیق نے کہا کہ الائشوں کیلئے ماحول دوست بیگز مفت تقسیم کئے جائیں گے۔ انہوں نے اپیل کی کہ شہری انہی بیگز میں الائشیں ڈال کر رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر زیرو ویسٹ کا حکم دیا ہے۔ اس کے لئے اضافی وسائل بھی مہیا کئے گئے ہیں۔اس موقع پر وزیراعلیٰ کے مشیر ذیشان ملک نے ہدایت کی کہ لاہور میں گزشتہ سال کے چیلنجز مدِنظر رکھتے ہوئے اقدامات کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی ہدایت پر الائشوں کیلئے اضافی ویسٹ انکلوژرز بھی قائم کئے جا رہے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن ر علی اعجاز نے اجلاس کو بتایا کہ نجی رہائشی سکیموں اور ریلوے ایریاز کے لئے بھی خصوصی پلان بنایا گیا ہے۔ اسسٹنٹ کمشنرز حکومتی ہدایات پر عملدرآمد یقینی بنائیں گے۔

جواب دیں

Back to top button