عیدالاضحٰی کے موقع پر سابقہ اور موجودہ بلدیاتی نمائندوں کی کارکردگی قابلِ تحسین رہی۔ بلدیاتی نمائندوں نے ایک مرتبہ پھر یہ ثابت کردیا کہ مقامی حکومتوں کے نمائندوں کے ذریعے ہی عوام کو میونسپل سروسز بآسانی گھر کی دہلیز پر فراہم کی جاسکتی ہیں۔صدر لوکل کونسلز ایسوسی ایشن خیبرپختونخوا و سابق مئیر مردان حمایت اللہ مایار کی جانب سے عیدالاضحٰی کے موقع پر بلدیاتی نمائندوں، خیبرپختونخوا کے عوام اور بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کے نام مبارکباد کا پیغام جاری کیا گیا۔ اپنے پیغام میں انہوں نے بلدیاتی نمائندوں کی اپنے اپنے علاقوں میں بہترین خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ بلدیاتی نمائندوں نے ایک بار پھر ثابت کردیا کہ مقامی حکومتوں کے نمائندوں کے ذریعے ہی عوام کو گھر کی دہلیز پر بہترین میونسپل خدمات فراہم کی جاسکتی ہیں
۔حمایت اللہ مایار کا مزید کہنا تھا کہ بلدیاتی نمائندوں کی وساطت سے ہی محکمہ بلدیات اور میونسپل سروسز فراہم کرنے والے ادارے اپنے اہداف حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے۔انہوں نے خیبرپختونخوا حکومت سے مطالبہ کیا کہ قانون اور آئین پر عمل درآمد کرتے ہوئے بروقت مقامی حکومتوں کے انتخابات کا انعقاد یقینی بنایا جائے۔کوارڈینیٹر لوکل کونسلز ایسوسی ایشن خیبرپختونخوا انتظار خلیل کے مطابق مضبوط اور فعال بلدیاتی نظام کے لیے لوکل کونسلز ایسوسی ایشن خیبرپختونخوا کے پلیٹ فارم سے ہر ممکن کوشش جاری رکھی جائے گی۔انتظار خلیل نے مطالبہ کیا کہ ویلج کونسلز کی سطح پر بھرتی عارضی ملازمین کی تنخواہیں فوری طور پر جاری کی جائیں کیونکہ یہ خاکروب ماہ اپریل سے اب تک تنخواہوں سے محروم ہیں۔






