میئر کراچی بیر سٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ ربیع الاول کے حوالے سے یوسی چیئرمینز کی درخواست پر گلی محلوں میں اسٹریٹ لائٹس کی فراہمی کا فیصلہ کیا تھا،آج اس وعدے کو پورا کر رہے ہیں جو بجٹ اجلاس کے موقع پر کیا تھا اور اس کے ساتھ ٹاؤنز چیئرمینز کو فیومیگیشن مشینیں بھی فراہم کی جارہی ہیں تاکہ یوسیز کی سطح پر شہری سہولیات کو بہتر بنایا جاسکے، اس کے علاوہ فائر سیفٹی کا سامان جس میں آکسیجن ماسک اور دیگر آلات شامل ہیں محکمہ فائربریگیڈ کے حوالے کئے گئے ہیں تاکہ شہر میں آگ بجھانے کے دوران فائر مین کو حفاظت فراہم کی جائے، خراب فائر ٹینڈرز کو بھی اسی سال بحال کرکے کراچی کے گلی محلوں اور سڑکوں پر لائیں گے، صدر پاکستان آصف علی زرداری اور وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سمیت پاکستان پیپلزپارٹی کی قیادت کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ 7ارب روپے کی لاگت سے محکمہ فائربریگیڈ کو اپ گریڈ کرنے میں تعاون کیا ہے،
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کے روز صدر دفتر بلدیہ عظمیٰ کراچی میں ٹاؤن چیئرمینز کو فیومیگیشن مشین اور یوسی چیئرمینز کو جدید اسٹریٹ لائٹس کی فراہمی کی منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، میونسپل کمشنر کے ایم سی ابرار جعفر، مشیر مالیات گلزار ابڑو، سٹی کونسل میں پاکستان پیپلزپارٹی کے پارلیمانی لیڈر کرم اللہ وقاصی، ڈپٹی پارلیمانی لیڈر دل محمد، جمن دروا ن اور دیگر سیاسی جماعتوں کے پارلیمانی لیڈرز اور مختلف یوسیز کے چیئرمین بھی اس موقع پر موجود تھے، میئر کراچی بیر سٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ یوسی چیئرمینز کو مجموعی طور پر 500 جدید اسٹریٹ لائٹس اور ٹاؤن چیئرمینز کو 50 فوگنگ مشینیں دی گئی ہیں، یہ جدید اسٹریٹ لائٹس ٹاؤن چیئرمینز کو بلا امتیاز و تفریق دی گئی ہیں، یہ جدید اسٹریٹ لائٹس دینے کا مقصد اپنے اپنے علاقوں کو روشن کرنا ہے، کراچی کی روشنیاں اور رونقیں لوٹنا ہے، انہوں نے کہا کہ اس شہر کی ترقی کے لیے سب مل کر کام کریں گے تو کراچی کو بہتر کرسکیں گے، رواداری کی سیاست کی ابتداء ہوئی ہے، آپ لوگوں کی محنت سے کراچی کے تمام علاقوں میں ترقیاتی کام ہورہے ہیں، سیاسی اختلافات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے ہمیں اس شہر کی بہتری کے لئے سر جوڑ کر بیٹھنا چاہئے، میئر کراچی نے کہا کہ پاک چین تعلقات کی 75 سالہ تقریب کے دوران چائینز قونصلیٹ جنرل سے بات ہوئی تھی کہ چائینز حکومت کراچی میں فیومیگیشن کے حوالے سے کام کرے گی جس کے لئے ہم ان کے شکرگزار ہیں، کراچی میں جتنے بھی ترقیاتی کام ہو رہے ہیں ان کی تفصیلات کے ایم سی ویب سائٹ پر موجود ہیں، بلدیہ عظمیٰ کراچی میں اکاؤنٹ میں جمع رقوم اس شہر کی امانت ہیں جس کو شفاف طریقے سے شہر کی فلاح و بہبود کے لئے خرچ کیا جارہا ہے اور شہریوں کو کام ہوتا نظر آرہا ہے، تاریخ یاد رکھے گی کہ 2023 میں جو سٹی کونسل منتخب ہو کر آئی ہے اس نے کیسے کیسے کام کئے اور کس طرح شہریوں کی خدمت کی، یہ کامیابی صرف مرتضیٰ وہاب یا سلمان عبداللہ مراد کی نہیں بلکہ یہ کراچی کے شہریوں کی کامیابی ہوگی، امید کرتا ہوں کہ ہم اپنے سیاسی اختلافات کو بھلا کر اس شہر اور عوامی نمائندوں کے مینڈیٹ کی خاطر اسی طرح مزید خدمت کرتے رہیں گے، انہوں نے کہا کہ میں تمام اپنے اتحادیوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے جمہوری روایات کو برقرار رکھا ہوا ہے اور ان کے تعاون کی بدولت کراچی میں ترقیاتی کام ہو رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ سگ گزیدگی کے مسئلے سے نمٹنے کے لئے کے ایم سی کونسل کو فیصلہ کرنا ہے کہ آیا اس معاملے پر شہر کی بہتری کے لئے کیا اقدام عمل میں لایا جائے، بہتری اور ترقی کا سفر اسی طرح جاری و ساری رہے گا۔






