وزیر بلدیات پنجاب ذیشان رفیق کی زیر صدارت سول سیکرٹریٹ میں ہونے والے اجلاس کے دوران وزیراعلی مریم نواز شریف کے ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت ویسٹ مینجمنٹ کمپنیوں کے سی ای اوز کو ہر تحصیل میں قائم سپروائزری کمیٹی کا اجلاس بلانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

سیکرٹری لوکل گورنمنٹ شکیل احمد میاں اور ویسٹ مینجمنٹ کمپنیوں کے سی ای اوز نے بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی۔ اس موقع پر پنجاب میں صفائی کے کام کی ائوٹ سورسنگ میں پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔ وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پہلے مرحلے میں منتخب تحصیلوں میں آبادی اور ریکوری کا تخمینہ لگایا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ آئوٹ سورسنگ پراجیکٹ کے تحت ڈور ٹو ڈور ویسٹ کولیکشن ہی ہوگی۔ کوئی اور ماڈل نہیں ہوگا۔ ہر علاقے کی ہفتے میں 3 بار سویپنگ بھی کی جائے گی۔ ذیشان رفیق نے ہدایت کی کہ تحصیل سطح پر ویسٹ انکلیوژرز، ڈمپنگ سائٹس اور عارضی کولیکشن پوائنٹس (ٹی سی پی) فورا قائم کئے جائیں۔ ماہ رواں کے دوران ہر تحصیل میں کنٹرول روم قائم ہو جانا چاہیئے۔ اجلاس کے دوران کنٹریکٹرز کے متعلقہ سٹاف کو آئی ٹی ٹریننگ دینے کا فیصلہ کیا گیا۔ یہ ٹریننگ محکمہ بلدیات دے گا۔ وزیر بلدیات نے یہ ہدایت بھی کی کہ ہر ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کا سسٹم ایک جیسا ہونا چاہیئے۔ اجلاس میں بہالپور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے لئے فنڈز اور اضافی آلات لینے کی منظوری دی گئی۔ ذیشان رفیق نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب کے مقرر کردہ تحصیل سطح کے کی پرفارمنس انڈیکٹرز میں صفائی کے نمبر سب سے زیادہ ہیں۔ اس سے صاف واضح ہوتا ہے کہ مریم نواز شریف صفائی کو کتنی اہمیت دیتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آئوٹ سورسنگ کے بعد پہلے تین چار ماہ میں ریکوری نہیں کی جائے گی۔ اس دوران فیس وصول کا طریقہ کار طے کر لیا جائے گا۔ ذیشان رفیق نے ایل ڈبلیو ایم سی کے سی ای او بابر صاحب دین کو ریکوری کا میکانزم ماڈل تیار کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ لاہور میں رائج صفائی کا ماڈل دیگر علاقوں تک پھیلایا جائے گا۔
سیکرٹری لوکل گورنمنٹ شکیل احمد میاں نے بتایا کہ محکمہ بلدیات کی طرف سے کنٹریکٹرز کے لئے گائیڈ لائنز تیار کر لی گئی ہیں۔ وہیکل ٹریکنگ سسٹم کا بھی فوری انتظام کریں گے۔ سیکرٹری لوکل گورنمنٹ نے کنٹریکٹرز کو آلات اور افرادی قوت منتقل کرنے کے اقدامات کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ہر کمپنی اپنے انتظامی بورڈ سے تمام اقدامات کی بھی منظوری لے۔






