وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے کہا ہے کہ پنجاب سپیشئل spatial پلاننگ اتھارٹی(پی ایس پی اے) کا قیام ٹیکنالوجیکل ٹرانسفارمیشن گورننس کا نیا ماڈل ہے۔ تعمیراتی سرگرمیوں کی بذریعہ جی پی ایس نگرانی کی جائے گی۔ وہ سول سیکرٹریٹ میں ایک اجلاس کی صدارت کر رہے تھے جس میں پی ایس پی اے کے معاملات کا جائزہ لیا گیا۔ سیکرٹری لوکل گورنمنٹ شکیل احمد میاں، سپیشل سیکرٹری ارشد بیگ اور ایڈیشنل سیکرٹری قراۃ العین نے شرکت کی جبکہ پی ایس پی اے کے ڈائریکٹر جنرل محمد فاروق نے اجلاس میں پریذینٹیشن دی۔
وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے کہا کہ پنجاب کے تمام اضلاع کے ماسٹر پلانز کو یکجا کر دیا گیا ہے۔ پی ایس پی اے نے کمرشل، صنعتی، زرعی اراضی کی زوننگ بھی کر دی ہے۔ سیٹلائٹ مانیٹرنگ کے ذریعے ناجائز تعمیرات اور تجاوزات کی بروقت نشاندہی ہو سکے گی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلی کے ڈیجیٹل پنجاب ویژن کے تحت اتھارٹی کا سارا کام آن لائن ہوگا۔ پلاننگ سپورٹ سسٹم (پی ایس ایس) کے ذریعے رہائشی منصوبوں کیلئے درخواست کو آن لائن ہی پراسیس کیا جائے گا۔ ذیشان رفیق نے کہا کہ پی ایس ایس کو پنجاب حکومت کے ای بِز پورٹل کے ساتھ منسلک کیا گیا ہے۔ پی ایس ایس آٹومیٹک طور پر متعلقہ سکیم کیلئے زوننگ کی رپورٹ دے گا۔ صوبائی وزیر نے پراجیکٹ مینجمنٹ یونٹ کے کام کی تعریف کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ پنجاب سپیشئل پلاننگ اتھارٹی کا دائرہ کار بتدریج بڑھایا جائے گا۔





