ہمدرد فاؤنڈیشن پاکستان کے نام ایک اور ہلال امتیاز ،محترمہ سعدیہ راشد چانسلر ہمدرد یونیورسٹی و چیئرپرسن ہمدرد فاؤنڈیشن پاکستان کو زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا گیا

لاہور (نمائندہ خصوصی)ہمدرد مرکز لاہور میں پاکستان ایسوسی ایشن فار ایسڑن میڈیسن کے زیرِ اہتمام لیڈرز میڈیا کلب کے اشتراک سے گزشتہ روز محترمہ سعدیہ راشد کے اعزاز میں ان کی قومی ملی اور تعلیمی خدمات کے اعتراف میں حکومت پاکستان کی طرف سے ” ہلال امتیاز ” دیئے جانے کے اعلان پر ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا

جس کے مہمان خصوصی ممبر صوبائی اسمبلی و وائس چیئرمین لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی جناب میاں مرغوب احمد تھے۔ بطور میزبان نظامت کے فرائض سید علی بخاری اور حکیم حارث نسیم نے ادا کئے۔تقریب میں سینیر صحافیوں اور دانشوروں کے علاوہ معروف ادیبوں اور شاعروں سمیت حکیم عبدالقیوم ، حکیم راحت نسیم ، حکیم سلیم کھوکھر ، حکیم شاہد اقبال، حکیم سجاد، طبیبہ نبیلہ عمران ، حکیم حسن مرتضی اور حکیم حافظ احسان الرحمٰن نے بھی خطاب کیا۔ ان کے علاوہ لیڈرز میڈیا کلب کے عہدیداروں بالترتیب عثمان غنی ، محمد نصیر الحق ہاشمی ، سید مصور زنجانی، اعجاز احمد اعجاز، مہر عبدالرؤف ، مسرور احمد شیخ، علی عرفان جاوید، ندیم شہزاد ، سینئر صحافیوں جناب راشد حجازی، جناب شہزاد چوہدری ،الخدمت سےجناب شعیب ہاشمی اور دیگر نے بھی اظہار خیال کیا۔مقررین نے محترمہ سعدیہ راشد کی کاوشوں بالخصوص تعلیم کے میدان میں ان کے کارہائے نمایاں کو زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ محترمہ سعدیہ راشد کی شخصیت اور خدمات کسی بھی ایوارڈ سے بالا ہیں تاہم حکومت کے اس فیصلے سے ایوارڈ کی توقیر میں اضافہ ہوا ہے۔اس موقع پر معروف صحافی اور لیڈرز میڈیا کلب کے سینئر نائب صدر محمد نصیر الحق ہاشمی نے اپنے خطاب میں میاں مرغوب احمد کو توجہ دلاتے ہوئے مطالبہ کیا کہ "جین مندر چوک” پر جو باغیچہ بنایا گیا ہے، اسے شہید حکیم محمد سعید کی خدمات کے اعتراف میں” شہید حکیم محمد سعید پارک” کے نام سے منسوب کیا جائے جہاں ان کے اقوال بھی آویزاں ہوں۔جس پر میاں مرغوب احمد نے اس حوالے سے کاغذی کارروائی کے آغاز اور اپنی طرف سے عملی طور پر قدم اٹھانے کی مکمل یقین دہانی کروائی۔مہر عبدالروف نے شہید پاکستان حکیم محمد سعید کی تعلیمی خدمات پر روشنی ڈالتے ہوئے آئی ایل ایم جس کا ہمدرد یونیورسٹی کے ساتھ الحاق ہوا تھا جو اب یونیورسٹی آف مینجمنٹ اینڈ ٹیکنالوجی ہےکا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ محترمہ سعدیہ راشد کو حکومت پاکستان کی جانب سے ہلال امتیاز ملنے سمیت جتنے بھی اعزاز مل جائیں، وہ اس خاندان کی ملکی خدمات کے سامنے کم ہیں جس نے بلا تفریق پاکستان کے ہر طبقے کےلئے خدمات انجام دیں۔ معروف شاعر اقبال راہی اور اقبال پیام نے شہید پاکستان حکیم محمد سعید کو منظوم خراج عقیدت پیش کیا۔ تقریب کے اختتام پر حکیم عثمان چشتی نے ایک قرارداد پیش کرتے ہوئے کہا کہ آج کا یہ ایوان حکومت پاکستان کے اس مستحسن فیصلے کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہوئے یہ سمجھتا ہے کہ محترمہ سعدیہ راشد کےلئے حکومت پاکستان کی طرف سے اس ایوارڈ کا اعلان بہت پہلے کر دینا چاہیے تھا، بہرحال دیر آید درست آید کے مصداق یہ ایوان حکومت پاکستان کا شکرگزار ہے اور اس بات پر اطمینان کا اظہار کرتا ہے کہ محترمہ سعدیہ راشد کو ہلال امتیاز دیئے جانے کا اعلان ہر لحاظ سے درست اور دانشمندانہ ہے، نیز یہ ایوان محترمہ سعدیہ راشد کو متفقہ طور پر مبارکباد دینے کی قرار داد بھی پاس کرتا ہے۔ تقریب میں محترمہ سعدیہ راشد کو ہلال امتیاز کے اعلان اور اس اعزاز کے حصول پر کیک کاٹنے کی سرگرمی بھی کی گئی۔ پروفیسر حکیم میاں سعید احمد کی جانب سے دعائیہ کلمات پر تقریب اختتام کو پہنچی۔

جواب دیں

Back to top button