الیکشن کمیشن گلگت بلتستان کے زیر اہتمام اہم آل پارٹیز کانفرنس کا انعقاد

الیکشن کمیشن گلگت بلتستان کے زیر اہتمام ایک اہم آل پارٹیز کانفرنس کا انعقاد کیا گیا، جس کی صدارت چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان راجہ شہباز خان (تمغہ شجاعت)نے کی۔ کانفرنس میں پرووینشل الیکشن کمشنر گلگت بلتستان، عابد رضا اور کمیشن کے دیگر اعلیٰ حکام اور گلگت بلتستان کی تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں کے ذمہ داران نے شرکت کی۔کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چیف الیکشن کمشنر راجہ شہباز خان نے گلگت بلتستان اسمبلی کے عام انتخابات 2026 کے انعقاد کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے انتخابی عمل کو صاف شفاف، غیر جانبدار اور منصفانہ بنانے کے لیے الیکشن کمیشن گلگت بلتستان کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات پر روشنی ڈالی۔ اس موقع پر سیاسی و مذہبی جماعتوں، انتخابی امیدواروں اور پولنگ ایجنٹس کے لیے جاری کردہ ضابطہ اخلاق کے اہم نکات سے بھی آگاہ کیا گیا اور اس پر سختی سے عملدرآمد کی ضرورت پر زور دیا گیا۔چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان راجہ شہباز خان نے واضح کیا کہ انتخابی مہم کے دوران پینا فلیکس اور غیر ضروری تشہیری مواد پر مکمل پابندی عائد ہوگی، اور کسی بھی قسم کی خلاف ورزی کی صورت میں متعلقہ امیدوار کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن ہر سطح پر قانون کی بالادستی کو یقینی بنائے گا۔انہوں نے مزید بتایا کہ انتخابی عمل کی موثر نگرانی کے لیے ایک جدید مانیٹرنگ نظام قائم کیا گیا ہے، جس کے ذریعے انتخابی سرگرمیوں پر مسلسل نظر رکھی جائے گی اور کسی بھی بے ضابطگی کو بروقت روکا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن گلگت بلتستان آزاد،صاف،شفاف اور قابل اعتماد انتخابات کے انعقاد کے لیے تمام وسائل بروئے کار لا رہا ہے۔آل پارٹیز کانفرنس کے موقع پر چیف الیکشن کمشنر راجہ شہباز خان نے مذید کہا کہ صاف،شفاف اور پرامن انتخابات کے انعقاد کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز کا تعاون ناگزیر ہے، اور الیکشن کمیشن اس قومی ذمہ داری کو احسن طریقے سے انجام دینے کے لیے پرعزم ہے۔بعد ازاں میڈیا کو دی گئی ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چیف الیکشن کمشنر راجہ شہباز خان نے کہا کہ آل پارٹیز کانفرنس میں شریک سیاسی و مذہبی جماعتوں کے رہنماؤں نے اپنی قیمتی آراء و تجاویز پیش کیں اور الیکشن کمیشن کے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے شفاف انتخابات کے انعقاد کے لیے کمیشن کی کوششوں کو سراہتے ہوئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ 25 سال بعد بلدیاتی انتخابات ہونے جارہے ہیں جو 14 جون 2026 کو منعقد ہوں گے اور انتخابی شیڈول جلد جاری کیا جائے گا جبکہ اس حوالے سے کام تیزی سے جاری ہے۔چیف الیکشن کمشنر نے بتایا کہ بلدیاتی انتخابات میں مجموعی طور پر 1989 ممبران منتخب ہوں گے جن میں خواتین کی نمائندگی بھی شامل ہے۔ اس انتخابی عمل کے لیے 164 یونین کونسلز، 10 ڈسٹرکٹ کونسلز اور 3 میونسپل کارپوریشنز قائم ہیں۔3048 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے جائیں گے جبکہ تقریباً 13 ہزار افسران و اہلکاروں پر مشتمل انتخابی عملہ تعینات کیا جائے گا تاکہ انتخابی عمل کو منظم اور موثر بنایا جا سکے۔ایک اور سوال کے جواب میں چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ کسی بھی سرکاری ملازم کو انتخابی مہم میں حصہ لینے کی اجازت نہیں ہوگی اور خلاف ورزی کی صورت میں تادیبی و محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

جواب دیں

Back to top button