*گلستانِ جوہر کی مختلف یونین کونسلز میں بحالی و ترقیاتی کاموں کا افتتاح*

میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے بلدیہ عظمیٰ کراچی کی جانب سے گلستانِ جوہر کی مختلف یونین کونسلز میں بحالی و ترقیاتی کاموں کا افتتاح کردیا، اس موقع پر میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ گلستانِ جوہر کی مختلف یونین کونسلز میں 145 ملین روپے کی لاگت سے پیور بلاک کی تنصیب سمیت دیگر ترقیاتی کام مکمل کیے گئے ہیں جبکہ مختلف علاقوں میں 271 ہزار مربع فٹ پیور بلاک نصب کیا گیا ہے،انہوں نے کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی اپنے منشور اور عوام سے کیے گئے وعدوں کے مطابق اسی سال ترقیاتی کام مکمل کر رہی ہے، ہمارا مقصد شہریوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی اور کراچی کے مختلف علاقوں میں بلاامتیاز ترقیاتی کاموں کو یقینی بنانا ہے،میئر کراچی نے کہا کہ ہمارا عوامی خدمت کا منشور اور عزم شہریوں کے لیے اطمینان جبکہ مخالفین کے لیے پریشانی کا سبب بن گیا ہے، انہوں نے کہا کہ کچھ لوگوں نے شہریوں کو تکلیف اور اذیت دینے کی قسم کھا رکھی ہے، اپنے ٹاؤن میں تو وہ کچھ نہیں کر سکے، اب صرف پروپیگنڈا پھیلا سکتے ہیں اور رو سکتے ہیں، انہوں نے کہا کہ گلستانِ جوہر کے مختلف علاقوں میں پیور بلاک کی تنصیب سے نہ صرف سڑکوں اور گلیوں کی حالت بہتر ہوئی ہے بلکہ شہریوں کو آمدورفت میں بھی سہولت حاصل ہوگی، انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل میں معیار اور پائیداری کو خصوصی اہمیت دی جا رہی ہے تاکہ شہریوں کو طویل عرصے تک ان منصوبوں سے فائدہ پہنچ سکے،انہوں نے کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی شہر کے مختلف علاقوں میں ترقیاتی کاموں کا دائرہ وسیع کر رہی ہے اور جہاں بنیادی سہولیات کی ضرورت ہے وہاں ترجیحی بنیادوں پر کام کیے جا رہے ہیں، گلستانِ جوہر میں مکمل کیے گئے ترقیاتی منصوبے بھی اسی سلسلے کی کڑی ہیں جن سے علاقے کے مکینوں کو بہتر شہری سہولیات میسر آئیں گی، میئر کراچی نے کہا کہ کراچی کی ترقی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں اور ترقیاتی منصوبوں کی رفتار کو مزید تیز کیا جا رہا ہے، انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ عوام سے کیے گئے وعدوں کی تکمیل کا سلسلہ جاری رہے گا اور شہریوں کو بہتر انفراسٹرکچر، صاف ستھرا ماحول اور بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے عملی اقدامات کیے جاتے رہیں گے۔

جواب دیں

Back to top button