چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان نے ایم سی ایل کے نئے کنٹرول روم کا افتتاح کر دیا،ڈی سی لاہور کی بریفنگ

لاہور میں میونسپل مسائل کے حل کے لیے جدید ‘نگران’ سسٹم فعال کر دیا گیا ہے۔ چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان نے ایم سی ایل کے نئے کنٹرول روم کا افتتاح کیا، جبکہ ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز نے ‘نگران’ ایپ اور ڈیش بورڈ پر تفصیلی بریفنگ دی۔ اس جدید ڈیجیٹل نظام کے ذریعے 9 مختلف میونسپل مسائل کی لائیو مانیٹرنگ اور جی آئی ایس میپنگ کی مدد سے فوری ازالہ یقینی بنایا جائے گا۔میٹروپولیٹن کارپوریشن لاہور کے نو تعمیر شدہ کنٹرول روم کے افتتاح کے موقع پر چیف سیکرٹری پنجاب نے ‘نگران’ میونسپل ایشوز رپورٹنگ سسٹم کا معائنہ کیا۔ ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ‘نگران’ سسٹم "بہتر مانیٹرنگ، بہتر لاہور” اور "ہمارا شہر – ہماری ذمہ داری” کے اصولوں کے تحت تین مراحل میں کام کرتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ جی آئی ایس میپنگ کے ذریعے سرویئرز ریئل ٹائم میں مسائل کی نشاندہی کرتے ہیں، ڈیش بورڈ پر تمام میونسپل سروسز کی لائیو مانیٹرنگ کی جاتی ہے، اور ریکٹی فکیشن ٹیمیں موقع پر پہنچ کر مسائل کو حل کر کے سٹیٹس اپ ڈیٹ کرتی ہیں۔ بریفنگ کے مطابق ایپ میں کھلے مین ہول، خراب سٹریٹ لائٹس، کوڑے کے ڈھیر، ٹوٹی سڑکوں، تجاوزات، آوارہ کتوں، غیر قانونی بینرز، سیوریج اور ٹوٹے سلیب سمیت 9 اہم کیٹیگریز شامل کی گئی ہیں۔

اس موقع پر چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان نے ‘نگران’ ایپ کے اجراء کو سراہتے ہوئے ہدایت کی کہ جدید نظام سے موصول ہونے والی تمام عوامی شکایات کا مقررہ وقت کے اندر ازالہ یقینی بنایا جائے۔ چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان نے واضح کیا کہ شہریوں کو صاف ستھرا، محفوظ اور معیاری ماحول فراہم کرنا حکومت کی بنیادی ترجیح ہے اور جدید ڈیش بورڈ سے میونسپل سروسز کی کارکردگی کی لائیو نگرانی جاری رہے گی ۔

جواب دیں

Back to top button