کنٹونمنٹ بورڈ اور ایل ڈبلیو ایم سی کی مشترکہ کارروائی،لاہور روڈ سے کبوتروں کے پنجروں کا صفایا

فضائی مسافروں کے تحفظ و فضائی حدود کو محفوظ بنانے کے لیے برڈ ہیزرڈ کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔ ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز کی ہدایت پر ایئرپورٹ روڈ اور کینٹ کے حساس علاقوں میں سرویلینس جاری ہے۔ ایوی ایشن ایس او پیز پر عملدرآمد کرتے ہوئے لاہور کنٹونمنٹ بورڈ اور لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی نے مشترکہ اقدامات کرتے ہوئے لاہور روڈ سے کبوتروں کے پنجرے ہٹا دیے ہیں اور پرندوں کی افزائش کے تمام ممکنہ پوائنٹس کو مکمل طور پر صاف کر دیا گیا ہے۔لاہور کی فضائی حدود کو پرندوں سے پاک رکھنے اور پروازوں کی لینڈنگ و ٹیک آف کو سکیور بنانے کے لیے ضلعی انتظامیہ لاہور کی جانب سے خصوصی مہم چلائی جا رہی ہے۔ تفصیلات کے مطابق ایوی ایشن ضوابط کی روشنی میں لاہور کینٹ بورڈ کی جانب سے لاہور روڈ پر برڈ ہیزرڈ کی نشاندہی کے بعد کارروائی کرتے ہوئے کبوتروں کے پنجرے اور پرندوں کی افزائش گاہیں ختم کر دی گئی ہیں۔ مہم کے دوران حساس مقامات کی باقاعدہ نگرانی کا سلسلہ جاری ہے، جس کے تحت راجہ پارک میں واقع کینٹ بورڈ کے حساس برڈ ہیزرڈ پوائنٹ کو مکمل طور پر صاف کر دیا گیا ہے اور وہاں پرندوں کی موجودگی روکنے کے لیے روزانہ کی بنیاد پر چیکنگ کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ مزید برآں یزدانی روڈ پر موجود برڈ ہیزرڈ پوائنٹ کو بھی مکمل کلیئر کر دیا گیا ہے، جہاں صفائی ستھرائی کی ذمہ داری لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی احسن طریقے سے انجام دے رہی ہے۔ ان تمام تر اقدامات کا بنیادی مقصد ہوائی جہازوں کو پرندوں کی ٹکر سے محفوظ رکھنا اور ملکی و غیر ملکی مسافروں کے لیے محفوظ اور سکیور فضائی سفر کو یقینی بنانا ہے۔

جواب دیں

Back to top button