یوم آزادی پر پنجاب ریونیو اتھارٹی ہیڈکوارٹرز میں خصوصی تقریب اور پرچم کشائی کا اہتمام کیا گیا۔ چیئرمین پی آر اے معظم اقبال سپرا نے تقریب میں خصوصی شرکت کی، افسران و ملازمین کے ہمراہ کیک کاٹا۔ اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کا یومِ آزادی ہمیں اپنے بزرگوں کی لازوال قربانیوں اور جدوجہد کی یاد دلاتا ہے۔ ملکی ترقی، خوشحالی اور استحکام کیلئے دیانت داری اور ذمہ داری کے ساتھ اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ پی آر اے عوام اور کاروباری برادری کو ٹیکس ادائیگی کی اہمیت سے آگاہی کیلئے موثر اقدامات کر رہی ہے۔ معظم اقبال سپرا کا مزید کہنا تھا کہ ٹیکس کی بروقت اور درست ادائیگی عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں کی تکمیل میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر مضبوط، خوشحال اور ترقی یافتہ صوبے کیلئے ریونیو نظام کو مزید مؤثر، شفاف اور عوام دوست بنایا جارہا ہے۔
اس یوم آزادی ٹیکس کی ادائیگی کے ساتھ ساتھ ٹیکس کی حفاظت بھی یقینی بنانے کا عہد کریں۔ پنجاب میں جاری فلاحی و ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل عوام کے دیے گئے ٹیکسز کی بدولت ہی ممکن ہے۔ آئیے، اپنے ادا کردہ ٹیکس کی حفاظت یقینی بنانے کیلئے پی آر اے کا ساتھ دیں۔ بعد ازاں پی آر اے کے انفورسمنٹ افسران نے آگاہی واک بھی کی۔






