وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایات پر بریگیڈیئر بابر علاؤ الدین ستارہ امتیاز ملٹری (ر)، چئیرپرسن وزیر اعلیٰ پنجاب DEFIM نے واسا ہیڈ آفس لاہور کا دورہ کیا۔ ان کا استقبال مینیجنگ ڈائریکٹر واسا غفران احمد نے کیا اور انہیں خوش آمدید کہتے ہوئے گلدستہ پیش کیا۔
دورے کے دوران ایم ڈی واسا غفران احمد نے بریگیڈیئر بابر علاؤ الدین کو واسا لاہور کے جاری پراجیکٹس کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ بریفنگ میں واسا لاہور کے ڈیجیٹل کمپلینٹ مینجمنٹ سسٹم، رین ڈیش بورڈ، ریونیو سسٹم، وہیکل ٹریکنگ ڈیش بورڈز اور سکاڈا سسٹم کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔ ایم ڈی نے بتایا کہ 7 ٹیوب ویل اور 9 ڈسپوزل اسٹیشنز کو سکاڈا سسٹم پر منتقل کیا جا چکا ہے جبکہ مزید 3 ڈسپوزل اسٹیشنز پر اس سسٹم کی تنصیب جاری ہے۔
بریگیڈیئر بابر علاؤ الدین نے پانی کی بچت کے لیے بروقت اقدامات کی اہمیت پر زور دیا اور واسا لاہور کے پانی کے ضیاع کو روکنے کے لیے کیے گئے اقدامات جیسے چالان، کار واش ری سائیکلنگ واٹر پلانٹس، گرین ٹیپس، اور وضو کے پانی کے لیے زیر زمین ٹینکس کی تعمیر کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ پانی کے ضیاع کو روکنے کے لیے ہمیں مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے اور عوامی رویوں میں تبدیلی لانے کے لیے ہمیں اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔
بریگیڈیئر بابر علاؤ الدین نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی خصوصی ہدایات کے مطابق شہریوں کو بہترین خدمات فراہم کرنا ہماری اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے واسا کی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے کے لیے ضروری اقدامات پر زور دیا اور واسا افسران کو شہریوں کے مسائل کے حل کے لیے فوری اقدامات اٹھانے کی تلقین کی۔
اس موقع پر زیر زمین واٹر ٹینکس کی تعمیر اور مون سون کنٹرول روم، ایمرجنسی کیمپس اور بارشوں سے نمٹنے کے اقدامات کے حوالے سے بھی بریفنگ دی گئی۔ بتایا گیا کہ رواں برس مزید 10 زیر زمین واٹر ٹینکس کی تعمیر عمل میں لائی جائے گی جس پر چئیرپرسن وزیر اعلیٰ پنجاب DEFIM نے اطمینان کا اظہار کیا اور اس منصوبے کی تعریف کی۔
مزید برآں، پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ پروگرام کے تحت 100 فی صد واٹر میٹرنگ منصوبے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ واسا کے ماسٹر پلان کے حوالے سے بھی تفصیلی گفتگو ہوئی۔
اس موقع پر چئیرپرسن وزیر اعلیٰ پنجاب DEFIM کی ٹیم سے میجر نوید اسلم (ر)، سٹاف آفیسر عبد الجبار بھٹی اور واسا لاہور سے ڈی ایم ڈی عبد الطیف، ڈائریکٹر مدثر جاوید، اور ڈائریکٹر ذیشان بلال بھی شریک تھے۔